نئی دہلی،04؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی اجیت جوگی نے آدیواسی علاقوں میں جاری پتھل گڑھی آندولن کی حمایت کی ہے۔ اجیت جوگی نے پتھل گڑھی کو پوری طرح سے آئینی قرار دیا۔ ان کا ماننا ہے کہ ہندوستان کے جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ ریاستوں میں پتھل گڑھی میں شامل آدیواسی گاوں آئین میں دئے گئے اپنے حقوق کا ہی اعادہ کررہے ہیں۔
جوگی نے جھارکھنڈ حکومت کی بھی تنقید کی۔ اجیت جوگی نے کہا کہ کوئی ریاست ’سرکار دھرم‘تبدیل کرنے والے آدیواسی سے اس کی اصل شناخت نہیں چھین سکتی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے اجیت جوگی نے کہا کہ ’ونس اے ٹرائیبل ، آل ویز اے ٹرائیبل ‘۔
خیال رہے کہ اجیت جوگی نے گزشتہ سال کانگریس سے استعفی دیدیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی نئی پارٹی جنتا کانگریس چھتیس گڑھ بنائی۔ اس سال کے آخر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی الیکشن میں جوگی پہلی مرتبہ اپنی پارٹی کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ طبیعت خراب ہونے کے بعد اجیت جوگی کو علاج کیلئے دہلی منتقل کردیا گیا تھا۔ جوگی نے کہا کہ وہ اسی ہفتہ پارٹی نشان کے ساتھ چھتیس گڑھ لوٹیں گے اور اگلے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس دونوں کو پست کریں گے۔